غزہ پٹی: مشرقی خان یونس پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم 50 فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ جس کے بعد غزہ میں تقریبا نو ماہ سے جاری جنگ میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 39,006 افراد جاں بحق اور 89,818 زخمی ہو چکے ہیں۔ مشرقی خان یونس پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملے فوج کی جانب سے انخلاء کے حکم کے چند منٹ بعد کیے گئے۔ انخلا کے اس نئے حکم سے غزہ میں 400,000 سے زیادہ افراد متاثر ہیں۔ خان یونس میں اسرائیلی فوج کی یہ تیسری بار کارروائی کی گئی ہے۔
غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی حملے جاری ہیں۔ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں صحافی حیدر ابراہیم جاں بحق ہوگئے۔ اس نے مزید کہا کہ ان کی موت سے 7 اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے صحافیوں کی کل تعداد 163 ہو گئی ہے۔
دریں اثناء اقوام متحدہ نے اسرائیل پر وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے قافلے کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے اقوام متحدہ کے مرکزی گروپ یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا کہ اتوار کو اسرائیل نے ایک اسرائیلی فوجی چوکی کے قریب قافلے پر گولی چلائی اور پانچ گولیاں واضح طور پر نشان زد اقوام متحدہ کی بکتر بند گاڑی پر جاکر لگیں۔
لازارینی نے کہا کہ قافلے کی نقل و حرکت کو اسرائیلی فورسز کے ساتھ مربوط کیا گیا تھا۔ تاہم اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن لازارینی نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی فوج کی مذمت کی۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔