سنگاپور: لندن سے سنگاپور جانے والی سنگاپور ایئر لائن کی ایک پرواز کو فضا میں شدید جھٹکے لگنے کی وجہ سے ایک مسافر کی موت جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ایئر ٹربولنس (فضا میں شدید جھٹکے) کے درمیان طیارے کو بنکاک میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
مسافر طیارے میں کل 211 مسافر اور عملے کے 18 ارکان سوار تھے، سہ پہر 3:45 بجے پر بنکاک میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ دوران پرواز پرواز میں کیا ہوا تھا۔
سنگاپور ایئر لائنز نے کہا کہ سنگاپور ایئر لائنز متوفی کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت پیش کرتی ہے۔ ہم ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تھائی لینڈ میں مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور کسی بھی اضافی مدد کی ضرورت کے لیے ایک ٹیم بنکاک بھیج رہے ہیں۔
ایئر ٹربولنس کیا ہے؟ جب تیز ہوا طیارے کے پروں سے ٹکراتی ہے تو طیارہ مقررہ اونچائی سے اوپر نیچے کی طرف بڑھنے لگتا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید جھٹکے لگنے لگتے ہیں۔ اور کئی دفعہ ایئر ٹربولنس کی وجہ سے طیارہ اچانک اپنی طے شدہ اونچائی سے چند فٹ نیچے گرنا شروع کر دیتا ہے۔ ایسے میں مسافروں کو لگتا ہے جہاز گرنے والا ہے۔ اس دوران بہت سے مسافروں کو گھبراہٹ کے دورے پڑتے ہیں جس سے موت واقع ہو سکتی ہے۔