حیدرآباد: اس دنیا کے خالق و رازق نے روئے زمین کو ایسی ایسی نعمتوں اور قدرتی خزانوں سے مالا مال کر رکھا کہ جسے جان کر آپ حیرت میں پڑ جائیں گے۔ اس سیارے پر جب سے انسانی زندگی کا سفر شروع ہوا ہے تب سے آج تک انسانوں پر ان نعمتوں کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر دور میں انسانوں پر کسی نہ کسی نعمت اور اس کے فوائد کا راز کھلتا رہا ہے۔ نت نئی نعمتوں کے انکشاف اور ان کے ادراک کا یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوا ہے اور آگے بھی جاری رہے گا۔
کلوبلائزیشن کے اس جدید دور میں دنیا کے ہر خطے کا ایک دوسرے سے رابطہ عام ہونے کی وجہ سے ایسا لگ رہا ہے کہ مانو نعمتوں کی بارش ہو رہی ہے۔ لوگ بے شمار نئی نئی نعمتوں کا نہ صرف مشاہدہ کر رہے ہیں بلکہ ذائقہ بھی لے رہے ہیں۔ حالانکہ کچھ وقت پہلے تک لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ انہیں نعمتوں میں شمالی امریکہ کا ایک پھل ایواکاڈو بھی ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس پھل نے اپنے معجزاتی فوائد کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت تیزی سے شہرت اور مقبولیت حاصل کی ہے۔
ایواکاڈو کے فوائد
ایواکاڈو ایک بے انتہا غذائیت سے بھرپور پھل ہے اور جسمانی صحت کے لیے کراماتی فوائد کا حامل ہے۔ اسے دنیا کا سب سے طاقتور پھل مانا جاتا ہے۔ ایواکاڈو کا سائنسی نام Persea Americana ہے۔ اگرچہ ایواکاڈو شمالی امریکہ کا اہم پھل ہے، لیکن فی الوقت دنیا کے بہت سے علاقوں میں اس کی کھیتی ہونے لگی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کا کیلی فورنیا ایواکاڈو کا اہم پروڈیوسر ہے۔ یہاں 5,000 سے زیادہ ایواکاڈو فارم ہیں، جو ہر سال 400 ملین پاؤنڈ سے زیادہ ایواکاڈو تیار کرتے ہیں۔
دنیا میں مقبول ایواکاڈو غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ لذیذ بھی ہے۔ مارکیٹ میں یہ 300-350 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا ہے۔ یہ جوس، سلاد اور دیگر پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے۔ فٹنس کی دنیا میں اس کی بہت مانگ ہے۔ اس میں بھرپور غذائیت ہونے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے سمیت صحت کے بہت سے فوائد پوشیدہ ہیں۔ ایواکاڈو دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ اس میں صحت بخش چکنائی، فائبر، اینٹی انفلامیٹری، اینٹی آکسیڈنٹ، پروٹین، میگنیشیم، کئی قسم کے وٹامنز اور منرلز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
کینسر سے بچاؤ میں مددگار
ایواکاڈو میں وٹامن سی، بی 6 اور ای سمیت ضروری غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ وٹامن B6 دل کی صحت اور کینسر سے بچاؤ سمیت جسم میں بہت سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایواکاڈو میں وافر مقدار میں غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو ہمارے جسم کے لیے بہت ضروری ہیں۔ اس لیے ایواکاڈو کا باقاعدہ استعمال آپ کی خوراک کو بہتر بنا سکتا ہے۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں فائدہ مند
غذائی ماہرین کے مطابق ایواکاڈو بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں بھی فائدہ مند ہے۔ اس کے استعمال سے جسم میں سوجن بھی کم ہوتی ہے۔ یہ بالوں کو گرنے سے روکتا ہے۔ یہ جلد کی بیماریوں کے علاج اور بینائی کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہے۔ وافر مقدار میں فائبر کی وجہ سے یہ موٹاپے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے استعمال سے جسم میں توانائی کی کمی دور ہوجاتی ہے اور انسان سرگرم اور فعال رہتا ہے۔
اینٹی آکسیڈینٹ کا بڑا ذریعہ
وٹامنز، معدنیات اور فائبر کے علاوہ، ایواکاڈو میں حیاتیاتی مرکبات بھی پائے جاتے ہیں جن میں کیروٹینائڈز، وٹامن سی، وٹامن ای اور فینولک شامل ہیں۔ ان عناصر میں اہم اینٹی آکسیڈنٹ، نیورو پروٹیکٹو اور کارڈیو پروٹیکٹو خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ ایواکاڈو میں پائے جانے والے کیروٹینائڈ میں مضبوط اینٹی آکسیڈینٹ کے اثرات پائے گئے ہیں، جو جسم کو ایسے آکسیڈیٹیو نقصان سے بچاتے ہیں، جو بہت سی دائمی بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایواکاڈو کو باقاعدگی سے کھانے سے جسم میں اینٹی آکسیڈنٹ کو بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ دال پتھری کو باہر نکال پھینکے گی، کولیسٹرول اور شوگر میں بھی فائدہ مند
اگر ہچکی نہیں رکتی تو اس پودے کے پتے کریں گے کمال، اس کا جوس کھانسی کا دشمن