نئی دہلی: ہندوستانی ریلوے ملک کے بہت سے لوگوں کے لئے ایک لائف لائن ہے۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں سے ایک ہے۔ روزانہ لاکھوں مسافر اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔ مسافروں کی سہولت کے لیے ہندوستانی ریلوے نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کئی پالیسیاں بنائی ہیں تاکہ مسافروں کو سفر کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلوے نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ مسافروں کے علاوہ ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آرام سے اپنے خاندان اور دوستوں کو الوداع کہہ سکیں۔ درحقیقت جب آپ اپنے شہر سے دوسرے شہر تک ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں تو اکثر آپ کے دوست یا رشتہ دار آپ کو اسٹیشن پر چھوڑنے کے لیے آپ کے ساتھ آتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں آپ کے ساتھ آنے والے لوگوں کو پلیٹ فارم ٹکٹ خریدنا ہوتا ہے۔ پلیٹ فارم ٹکٹ نہ خریدنے پر ریلوے کی جانب سے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ٹکٹ ان تمام لوگوں کو خریدنا ہوتا ہے جو ٹرین میں سفر کرنے کے لیے پلیٹ فارم پر نہیں آتے ہیں بلکہ اپنے دوست یا رشتہ داروں کو چھوڑنے کے لئے آتے ہیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی کو ٹرین میں لینے جاتے ہیں لیکن اسٹیشن پر آپ کو پتہ چلتا ہے کہ ٹرین لیٹ ہوگئی ہے۔
ایسے میں آپ کو گھنٹوں پلیٹ فارم پر بیٹھنا پڑتا ہے، لیکن آپ اسٹیشن پر تب ہی بیٹھ سکتے ہیں جب آپ نے پلیٹ فارم ٹکٹ لیا ہو۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا آپ پلیٹ فارم ٹکٹ خرید کر پوری رات اسٹیشن پر گزار سکتے ہیں اور یہ ٹکٹ کب تک کارآمد ہے؟
- پلیٹ فارم ٹکٹ کب تک کارآمد ہوتا ہے؟
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ پلیٹ فارم ٹکٹ خرید کر آپ پوری رات اسٹیشن پر گزار سکتے ہیں تو آپ غلط ہیں۔ ریلوے قوانین کے مطابق ایک پلیٹ فارم کی میعاد صرف دو گھنٹے تک رہتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پلیٹ فارم خریدنے کے بعد آپ اسٹیشن پر صرف دو گھنٹے رہ سکتے ہیں۔
- کیا ہم پلیٹ فارم ٹکٹ سے سفر کر سکتے ہیں؟
ہندوستانی ریلوے کے قوانین کے مطابق اگر آپ کے پاس سفر کرنے کے لیے ٹکٹ نہیں ہے، تو آپ پلیٹ فارم ٹکٹ کے ذریعے سفر نہیں کر سکتے۔ یعنی ٹرین میں سفر کرنے کے لیے آپ کو سفری ٹکٹ لینا پڑے گا۔ پلیٹ فارم ٹکٹ سے لوکل ٹرینوں میں بھی سفر نہیں کرسکتے۔