نئی دہلی: وزارت خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ ونئے موہن کواترا کو امریکہ میں بھارت کا اگلا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ جلد ہی اپنا عہدہ سنبھال لیں گے۔ کواترا 1988 بیچ کے ایک افسر جنہیں اپریل 2022 میں سکریٹری خارجہ مقرر کیا گیا تھا، سکریٹری خارجہ کا چارج سنبھالنے سے پہلے وہ نیپال اور فرانس میں میں بھارت کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
امریکہ، چین اور یورپی امور کے ماہر سمجھے جانے والے کواترا نے نیپال میں اپنی سفارتی تعیناتی سے قبل اگست 2017 سے فروری 2020 تک فرانس میں بھارت کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سیاست میں32 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والے کواترا اکتوبر 2015 اور اگست 2017 کے درمیان دو سال تک وزیراعظم کے دفتر (PMO) میں جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔
کواترا نے یکم مئی 2022 سے 14 جولائی 2024 تک خارجہ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ کواترا نے 1988 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور اپنی سروس کے ابتدائی سالوں میں جنیوا میں بھارت کے مستقل مشن میں خدمات انجام دیں۔ 1993 اور 2003 کے درمیان، انہوں نے دہلی میں وزارت خارجہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک ڈیسک آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، جو اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرتا تھا۔
2003 سے 2006 تک انہوں نے بیجنگ میں ہندوستانی سفارت خانے میں کونسلر اور بعد میں ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2006 سے 2010 تک، انہوں نے نیپال میں سارک سیکرٹریٹ میں تجارت، معیشت اور مالیاتی بیورو کے سربراہ کے طور پر بھارت کی نمائندگی کی۔