عیدالاضحیٰ کے دن دہلی میں مسجد اچانک منہدم، کوئی جانی نقصان نہیں - Mosque Collapse in Delhi - MOSQUE COLLAPSE IN DELHI
دہلی کے چوڑی والا علاقے میں مسجد کے اچانک گرنے سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ حادثہ سڑک کے دھنسنے کی وجہ سے پیش آیا۔
Published : Jun 17, 2024, 7:15 PM IST
نئی دہلی: پرانی دہلی کے چوڑی والا علاقے میں آج عید الاضحیٰ کے دن ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ جہاں سڑک کے دھنسنے کی وجہ سے ایک مسجد اچانک منہدم ہو گئی۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ مسجد سے دور کھڑے ہو کر اس کی ویڈیو بنا رہے ہوتے ہیں کی اس دوران اچانک مسجد گر جاتی ہے جس سے موقع پر افراتفری مچ جاتی ہے۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
یہ مسجد تقریباً 10 سال قبل تعمیر کی گئی تھی اور یہ مسجد سنگ مرمر کے نام سے مشہور تھی۔ آج صبح پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کی مسجد کے سامنے والی سڑک میں دھنس گئی ہے۔ جس کے بعد پولیس نے مسجد کے اطراف کی دکانوں کو خالی کرا لیا، تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
دوپہر کے وقت مسجد کے سامنے لوگوں کا ہجوم تھا اور اسی وقت مسجد اچانک منہدم ہو گئی لیکن کوئی بھی اس کی زد میں نہیں آیا، کیونکہ پولیس نے آس پاس کا علاقہ پہلے ہی خالی کرا لیا تھا۔ اب پولیس اور انتظامیہ سڑک کے دھنسنے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس وقت سڑکوں سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔