کلکتہ : راہل گاندھی کے بھارت جوڑو نیائے یاترا بنگال پہنچ چکا ہے مگر آسام کی طرح بنگال میں بھی یاترا کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔ کانگریس صدر ملکاارجن کھڑگے نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ راہل گاندھی ریاست میں اپنا پروگرام محفوظ اور صحیح طریقے سے جاری رکھ سکیں۔
راہل گاندھی کی یاترا گزشتہ جمعرات کی صبح کوچ بہار کی بکشیرہاٹ سرحد کے ذریعے آسام سے بنگال میں داخل ہوچکی ہے۔ فی الحال یہ یاترا جلپائی گوڑی میں داخل ہو چکی ہے۔ کوچ بہار پہنچنے کے فوراً بعد راہل گاندھی کو ضروری امور کی وجہ سے دہلی واپس جانا پڑا تھا ۔کانگریس ذرائع کے مطابق راہل گاندھی اتوار کو سلی گوڑی میں نیائے یاترا میں شامل ہونے والے ہیں۔ لیکن پولیس کی اجازت نہیں ہونے کی وجہ سےنیائے یاترا جلپائی گوڑی کے پی ڈبلیو جنکشن سے سلی گوڑی کیسے پہنچے گی اس بارے میں غیر یقینی صورتحال ہے۔ تنازع کے ماحول میں کھرگے نے بنگال کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کریاترا میں رخنہ نہیں ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
منی پور سے راہل گاندھی کی یاترا شروع ہونے کے بعد سے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔آسام میں بھی یاترا کو لےکر ہنگامہ ہوا۔ کانگریس نے بی جے پی پر رخنہ ڈالنے اور حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔کھرگے نے ممتابنرجی کے نام لکھے خط میں ان تمام امور پر روشنی ڈالی ہے۔انہوں نے خط میں کہا ہے کہ بنگال میں بھی یاترا کے دوران ہنگامہ اور رخنہ ڈالنے کا امکان ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ میں خبر ملی ہے کہ کچھ شر پسند عناصر ہمارے یاترا کے دوران ہنگامہ کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس کے پیچھے ریاستی انتظامیہ کا کردار کیا ہے ۔اس لئے میں نے آپ کو ذاتی طور پر خط لکھا ہے۔
قومی سطح پر بی جے پی مخالف اتحاد’’انڈیا‘‘ میں شامل ہونے کے باوجودبنگال میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر دونوں پارٹیوں کے درمیان سمجھوتہ نہیں ہوسکا ہے۔ممتا بنرجی نے کانگریس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے واضح کر دیا ہے کہ بنگال میں کوئی اتحاد نہیں ہے۔ تاہم کانگریس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ بنگال کی حکمران جماعت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قومی سیاست کے تناظر میں راہل گاندھی اتحاد کرنے کے حق میں ہیں ۔ان حالات میں کانگریس کے صدر کا یہ خط کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔
یواین آئی۔