نئی دہلی: آسٹریلیوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے اپنے ملک کے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے لبنان میں مقیم اپنے شہریوں مشورہ دیا کہ فوراً لبنان چھوڑ کر واپس آسٹریلیا آجائیں کیونکہ اسرائیل کے ساتھ بڑے پیمانے پر تصادم کا امکان ہے۔ البانی نے سڈنی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں آسٹریلوی باشندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واپس آجائیں اور کوئی بھی آسٹریلیائی باشندہ فی الحال لبنان کا دورہ نہ کرے کیونکہ حالات سازگار نہیں لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "اس بات کا خطرہ ہے کہ بیروت کا ہوائی اڈہ تجارتی پروازوں کے لیے نہ کھلا ہو اور وہاں پر لوگوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ سب کے آنے جانے کے لئے حالات سازگار ہوں۔
آسٹریلیوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے کہا کہ اس سے قبل وزیر خارجہ پینی وونگ نے آسٹریلوی باشندوں سے کہا تھا کہ "اب لبنان چھوڑنے کا وقت آگیا ہے"۔
یہ انتباہ اسرائیل کی جانب سے بیروت میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر فواد شکر اور ایران کے دارالحکومت تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد بڑھتی کشیدگی کے درمیان دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا، لبنانی نسل کے تقریباً 250,000 لوگوں کا گھر ہے، جو لبنان سے باہر سب سے بڑی آبادی میں سے ایک ہے۔
- بھارتی سفارت خانے کی ایڈوائزری
وہیں بھارت نے لبنان میں مقیم 4000 بھارتیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لبنان میں جاری کشیدگی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی ضروری کام سے باہر نکلیں اور حالات سے باخبر رہیں۔ بھارت نے جمعرات کو اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ لبنان کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے مغربی ایشیائی ملک میں مقیم لوگوں سے حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں کی ہلاکتوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی۔
29 جولائی کے بعد بیروت میں بھارتی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ یہ دوسری ایڈوائزری ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ لبنان کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کل حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ اور حزب اللہ کے رہنما فواد شکر کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مگر جاری کی گئی ایڈوائزری میں اس کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا ہے۔
سفارت خانے کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں مشورہ دیا گیا ہے کہ "لبنان میں تمام بھارتی شہریوں کو یہ صلاح دی جای ہے کہ وہ احتیاط برتیں، اپنی نقل و حرکت کو محدود کریں اور بیروت میں سفارت خانے سے اپنی ای میل آئی ڈی cons.beirut@mea.gov.in کے ذریعے رابطہ کریں، یا فون نمبر
+96176860128 کے ذریعے رابطے میں رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: