نئی دہلی: خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے پیر کو کہا کہ روسی فوج سے اب تک 85 ہندوستانی شہریوں کو فارغ کیا گیا ہے اور مزید 20 ہندوستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کےلئے کوشش جاری ہیں۔ توقع ہے کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی روس کے دورہ کے دوران کازان میں برکس سربراہی اجلاس کے حاشیے پر روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں اس معاملہ کو اٹھائیں گے۔
وزیراعظم مودی نے جولائی میں ماسکو میں پوتن کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران روسی فوج میں کام کرنے والے بھارتی شہریوں کی جلد بازیابی کے معاملے کو سختی سے اٹھایا تھا۔ مسری نے مودی کے بارے میں میڈیا بریفنگ میں کہاکہ بھارتی حکام روس کی وزارت خارجہ اور دفاع کے ساتھ روسی فوج میں بھارتی شہریوں کی بھرتی کے معاملہ پر رابطہ میں ہیں اور فوری طور پر بھارتیوں کی محفوظ وطن واپسی کےلئے کوشاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے تمام بھارتیوں کو ماسکو وطن واپس بھیجے گا - PM Modi takes up matter with Putin
مسری نے کہاکہ ’تازہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 85 بھارتی روس سے واپس آچکے ہیں، اس دوران کچھ بھارتیوں کی لاشیں بھی ملک لائی گئیں جو جنگ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ’بہت جلد باقی 20 بھارتیوں کی محفوظ طریقہ سے وطن واپسی کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، روسی فوج میں خدمات انجام دیتے ہوئے اب تک 9 بھارتی ہلاک ہوگئے ہیں۔