اجمیر (راجستھان) :شب برات کے موقع پر حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار عالیہ پر نماز ادا کرنے کے لیے ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد اجمیر پہنچی۔ جہاں انہوں نے صوفی بزرگ حضرت خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ کے دربار میں حاضری دی اور پوری رات اللہ عز و جل کی عبادت میں گزاری۔ شب برات کے موقع پر اجمیر شریف درگاہ میں رقت آمیز مناظر دکھائی دئے۔
عقیدت مندوں نے درگاہ شریف کی شاہ جانی مسجد میں نمازیں ادا کی اور اپنے بزرگوں، فوت ہوئے اعزہ و اقارب کی مغفرت، بلند درجات کے لیے دعائیں کی اور فاتحہ پڑھی۔ شب برات کو حدیث مبارکہ میں ’’لیلۃ النصف من شعبان‘‘ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس رات دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں آباد مسلمان گھروں، مساجد اور خانقاہوں میں عبادت کرتے ہیں وہیں فوت ہوئے اپنے اعزہ و اقارب کی قبور کی زیارت بھی کرتے ہیں۔ بر صغیر میں شب برات کے موقع پر نیاز و فاتحہ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔