نئی دہلی: ایپل نے بدھ کو ہندوستان میں بچوں کے لیے اپنی گھڑی لانچ کی ہے جس میں آسان کالنگ، ٹیکسٹنگ اور والدین کو اپنے بچوں کی سرگرمی کی نگرانی کے لیے سہولت دستیاب ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کے لیے ایپل واچ ایسے ہی کام کرتی ہے جیسے آئی فون کرتا ہے، "چاہے ان کے پاس اپنا آئی فون نہ ہو"۔
ایپل نے مزید کہا کہ یہ گھڑی ان والدین کے لئے کافی مددگار ثابت ہو سکتی ہے جو بچوں کو موبائل فون نہیں دینا چاہتے۔ ایپل نے کہا کہ "آپ کے بچوں کے لیے ایپل واچ، ایپل واچ سیریز 4 یا اس کے بعد کے سیلولر ماڈلز یا ایپل واچ SE، آئی فون 8 یا اس کے بعد کے جدید واچ او ایس اور آئی او ایس کے ساتھ جوڑ بنانے پر، ہندوستان میں دستیاب ہے۔"
کمپنی نے مزید کہا کہ "یہ ایپل واچ کی کمیونیکیشن، صحت، تندرستی اور حفاظتی خصوصیات کے لیس ہیں جو بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے لیے کارآمد ہوسکتے ہیں جن کے پاس ابھی تک آئی فون نہیں ہے"۔ اس گھڑی کو والدین کے آئی فون کے ذریعے کنیکٹ کیا جا سکتا ہے اور کال اور ٹیکسٹ کرنا آسان ہے۔
اس گھڑی کے ذریعہ والدین اپنے بچوں کا لوکیشن جان سکتے ہیں، جبکہ تمام ذاتی ڈیٹا محفوظ طریقے سے انکرپٹڈ رہتا ہے۔ والدین بھی تمام رابطوں کی منظوری دے سکتے ہیں، تاکہ بچے ایپل واچ کی مواصلاتی خصوصیات کو محفوظ طریقے سے استعمال کر سکیں۔