نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 27 جولائی کو دہلی میں ہونے والی نیتی آیوگ میٹنگ میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ تاہم اس سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ اپوزیشن کے دیگر وزرائے اعلیٰ کی طرح اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی۔ ممتا بنرجی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ بہت پہلے کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں شرکت کے پیچھے ایک بڑی وجہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس میٹنگ میں وہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ میں بنگال اور اپوزیشن کی حکومت والی دیگر ریاستوں کے ساتھ کئے گئے امتیازی سلوک پر اپنی تشویش کا اظہار کریں گی۔ جھارکھنڈ کے سی ایم ہیمنت سورین میٹنگ میں موجود ہوں گے۔ ہم دونوں دوسرے لوگوں (جو موجود نہیں ہوں گے) کی طرف سے بات کریں گے۔ اس دوران بنگال کے وزیر اعلی بجٹ کو لے کر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے نظر آئے۔
غور طلب ہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، یہ فیصلہ کانگریس کے وزرائے اعلیٰ نے مرکزی بجٹ میں اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک کے خلاف 27 جولائی کو ہونے والی نیتی آیوگ میٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔