کولکاتا:مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے مبینہ شراب گھوٹالہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پر لکھاکہ میں عوام کی طرف سے منتخب دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتی ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال میں اروند کیجریوال کے ساتھ ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے لکھاکہ میں نے ذاتی طور پر سنیتا کیجریوال سے رابطہ کیا۔ ان سے بات چیت کی ۔اروند کی گرفتاری پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے کہاکہ اپوزیشن کے منتخب وزرائے اعلیٰ کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔گرفتار کیا جا رہا ہے۔چند لوگوں کو معافی کے ساتھ غلط کام کرنے کا لائسنس دیا گیا ہے ۔بی جے پی سے وابستہ لوگوں کو کچھ بھی کرنے کی آزادی ہے ۔لیکن ان کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف کارروئی کی جا سکتی ہے۔
دوسری طرف ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا کے رکن ڈیرک اوبرائن نے جمعہ کو کہاکہ ہم دہلی کے منتخب وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب الیکشن کمیشن انچارج ہے اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہے ۔