کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ انہیں آدھار کارڈ کی منسوخی سے متعلق مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس لیے نماشودرا تنظیم کے ذریعے وہ ان لوگوں کو مطلع کرنا چاہتی ہیں جنہیں مرکزی حکومت سے آدھار کارڈ کی منسوخی کا پیغام ملا ہے، اس معاملے کو لے کر کسی بھی طرح سے ڈرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ خط میں یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ریاستی حکومت ان لوگوں کے ساتھ ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن کا آدھار کارڈ منسوخ کر دیا گیا ہے، انہیں وہ تمام سرکاری سہولتیں ملیں گی جو انہیں ملتی تھیں۔ اسے بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ آدھار کارڈ کے مسئلہ سے متعلق ایک پورٹل شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ پورٹل 20 فروری سے کام کرنا شروع کردے گا۔ جن لوگوں کو آدھار کارڈ کینسلیشن کا لیٹر ملا ہے وہ اس پورٹل پر اس کی اطلاع دے سکتے ہیں۔
ریاست کے مختلف اضلاع میں آدھار کارڈ کی منسوخی کو لے کر کئی لوگوں کے پاس نوٹس پہنچ چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گزشتہ چند دنوں سے اس پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔پیر کو ایک پریس کانفرنس میں، وزیر اعلی نے کہاکہ ریاست ان لوگوں کو علیحدہ کارڈ دے گی جن کا آدھار منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بینکنگ یا دیگر کاموں میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ممتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست خط لکھ کر کارڈ منسوخ کئے جانے پر احتجاج کیا ہے۔