کولکاتا:گزشتہ 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے بعد بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا کہ فروری سے ملک کے مختلف حصوں سے پارٹی لیڈر اور کارکنان مرحلہ وار رام مندر کا دورہ کریں گے۔ تاکہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اس کے ذریعہ ووٹروں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی جا سکے ۔مندر کے افتتاح کے بعد ہر دن ایودھیا میں بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں ۔ملک کے مختلف حصوں سے روزانہ اوسطاً دو سے ڈھائی لاکھ لوگ رام مندر کا درشن کرنے آرہے ہیں۔ اتر پردیش انتظامیہ ان حالات میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ایودھیا کے ایسے حالات میں خود وزیر اعظم نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کو ایودھیا آنے کے پروگرام کو فی الحال منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی کے دین دیال اپادھیائے مارگ سے مختلف ریاستوں کے سرکردہ رہنماؤں کو براہ راست فون کرکے منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی۔پارٹی اعلیٰ قیادت کی ہدایت کے بعد شوبھندو ادھیکاری نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔