مالدہ:مغربی بنگال کے مالدہ میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں عام لوگوں کی ریکارڈ بھیڑ کے مدنظر یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ یاترا پوری طرح سے کامیاب ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ مغربی بنگال کے کوچ ہبار سے شروع ہونے والی راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا جلپائی گوڑی، مالدہ اور مرشد آباد میں روڈ شو کرنے کے بعد اب بیربھوم ضلع کی جانب گامزن ہے۔ مالدہ میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ اس میں کانگریس کے حامیوں کے ساتھ ساتھ مقامی باشندوں اور سی پی آئی ایم کے حامیوں کی غیر معمولی تعداد نے شرکت کی۔
راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد سی پی آئی ایم کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم نے کہا کہ مغربی بنگال میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کو غیرمعمولی کامیابی مل رہی ہے۔بھارت جوڑو نیائے یاترا میں عام لوگوں کی بھیڑ امڈ رہی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ راہل گاندھی کی یاترا میں شامل ہونے کے بعد اگر کوئی یہ سوال کرتا ہےکہ کیا آپ کانگریس کے ساتھ ہیں ؟ میں اس کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔کیونکہ ہماری موجودگی ہی انڈیا اتحاد کی مکمل حمایت کی ضمانت ہے۔