راجسمند: راجستھان کے راجسمند ضلع کے کھمنور میں زیر تعمیر دھرم شالہ کی چھت گرنے سے چار مزدوروں کی موت ہو گئی۔ تقریباً 5 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد منگل کی صبح ملبے تلے دبے مزید 9 مزدوروں کو نکال لیا گیا۔ سب کی حالت تشویشناک ہے۔ ضلع کے کھمنور تھانہ علاقہ کے سیون کا کھیڑا پنچایت کے چکلواس کی بلائی بستی میں زیر تعمیر دھرم شالہ کی چھت گرنے سے تیرہ افراد دب گئے۔ حادثے کے بعد ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھنور لال اور ایس پی منیش ترپاٹھی موقع پر پہنچ گئے۔ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد 9 زخمی اور 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ واقعہ کے بعد گاؤں میں افراتفری مچ گئی اور پورا گاؤں رات بھر جاگتا رہا۔
راجسمند کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھنور لال نے بتایا کہ چکلواس گاؤں میں دھرم شالہ کی تعمیر میگھوال برادری عوامی تعاون سے کر رہی ہے۔ پیر کے روز چھت کے نیچے سے بانس کے کھمبے ہٹائے گئے اور اس کے بعد پیر کی رات 9 بجے گاؤں والے زیر تعمیر دھرم شالہ کی صفائی اور پینٹ کرنے گئے تو ٹھیک 9.30 بجے چھت نیچے گر گئی۔ صفائی کا کام کرنے والے 13 افراد اس کے نیچے دب گئے۔
آس پاس کوئی گھر نہیں تھا۔ بعد میں چھت کے نیچے دبے وارڈ کے پنچ ہیرالال نے فون کرکے گاؤں میں ہونے والے حادثے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد گاؤں سے بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچے۔ اس کے بعد کھمنور تھانہ انچارج بھگوان سنگھ، ناتھدوارہ کے ڈی ایس پی دنیش سکھوال جائے حادثہ پر پہنچے۔ رات 10.30 بجے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھنور لال، ایس پی منیش ترپاٹھی، اے ایس پی مہیندر کمار بھی موقع پر پہنچ گئے۔