ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے آج دہلی کا دورہ کریں گے، وہ تین دن تک دہلی میں رہیں گے اور انڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ راوت نے کہا کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ٹھاکرے کا دہلی کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بات چیت کا سفر ہے۔ ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، عام آدمی پارٹی کے رہنما ان سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا ٹھاکرے سے بات چیت کریں گے۔
راؤت نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور کچھ دیگر سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی صدر تین دن کے لیے دہلی میں ہوں گے، اس لیے کئی مسائل پر ملاقاتیں ہوں گی اور بات چیت ہوگی۔ مہاراشٹر کے کچھ ممبران پارلیمنٹ نے بھی دہلی کے دورے کے دوران ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی ہے اس لیے ہم اس کا بھی اہتمام کریں گے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور این سی پی (ایس سی پی) کے سربراہ شرد پوار کے درمیان حالیہ ملاقات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ وہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ پوار صاحب نے دھاراوی کے لیے ان سے (وزیر اعلیٰ) ملاقات کی تھی۔ لیکن دھاراوی کو لے کر شیو سینا کا موقف بالکل واضح ہے۔ یہ 600 ایکڑ زمین ہے۔ وہاں 8 لاکھ لوگ رہتے ہیں اور ان سب کو بغیر کسی شرط کے اسکیمیں ملنی چاہئیں۔ انہیں ایک ہی جگہ پر آباد کیا جائے۔
شرد پوار نے ورشا بنگلے میں 3 اگسٹ کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ شندے سے ملاقات کی اور مراٹھا ریزرویشن اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران وہ دارالحکومت میں مراٹھی اور قومی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس برس کے شروع میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں شیوسینا (یو بی ٹی) نے مہاراشٹر میں 48 میں سے نو سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ جب کہ انڈیا بلاک اس کی اتحادی جماعتوں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) نے بالترتیب 14 اور 8 سیٹیں جیتی تھیں۔ 288 رکنی اسمبلی مہاراشٹر کے انتخابات رواں برس اکتوبر میں ہونے جا رہے ہیں۔