ممبئی:ادھو ٹھاکرے نے اروند ساونت کو مہاراشٹر میں جنوبی ممبئی سے امیدوار قرار دیا۔ ممبئی میں ایک میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ وہ اروند ساونت کے نام کا اعلان کر رہے ہیں اور انہیں الیکشن لڑنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آپ نے اروند ساونت کو دو بار ایم پی بنایا انہیں تیسری بار موقع دیں۔ ساونت جنوبی ممبئی سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ اس سے پہلے ادھو ٹھاکرے نے امول کیرتیکر کو شمال مغربی لوک سبھا سیٹ کے لیے امیدوار قرار دیا تھا۔ کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے بھی اس پر سخت اعتراض ظاہر کیا۔
ممبئی میں کف پریڈ ریلی میں ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میں پوری ریاست میں تقریریں کر رہا ہوں، عوام میں جوش بھرا ہوا ہے۔ جہاں بھی پہنچ رہا ہوں وہاں ایک ریلی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ فتح کی ریلی ہے۔ ہم نے کوسٹل روڈ کا خواب دیکھا تھا وقتاً فوقتاً اس کا دورہ بھی کیا اب وہ خواب پورا ہو رہا ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ عدالت کی لٹکتی تلوار کب گرے گی، اس لیے وہ جلد بازی میں کام مکمل کر رہے ہیں۔ اگر ہماری حکومت آئی تو ہم یہاں سوالال مہاراج کا مندر بنائیں گے۔