حیدرآباد: تلنگانہ کابینہ نے ووٹ آن اکاؤنٹ بجٹ برائے 2024-25 کو منظوری دے دی ہے جسے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارکا بعد میں اسمبلی میں پیش کریں گے۔ ہفتہ کی صبح تلنگانہ وزیراعلی اے ریونت ریڈی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کو منظوری دی گئی۔ وزیر صنعت ڈی سریدھر بابو قانون ساز کونسل میں بجٹ پیش کریں گے۔
دو ماہ قبل اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا یہ پہلا بجٹ ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد 2024-25 کا مکمل بجٹ پیش کیا جائے گا۔ دریں اثناء ریاستی وزیر فینانس بھٹی وکرمارک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پارٹی کی طرف سے انتخابات میں دی گئی تمام ضمانتوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محصولات، قرضوں اور مرکزی فنڈز جیسے تمام پہلوؤں کا بجٹ میں احاطہ کیا جائے گا۔
تلنگانہ میں سنہ 2023-24 کے لیے اس وقت کی بی آر ایس حکومت نے گزشتہ سال فروری میں 2.90 لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔ اس سال بجٹ کا حجم 3 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر سکنے کا قوی امکان ہے۔ کانگریس حکومت ممکنہ طور پر حالیہ انتخابات میں دی گئی چھ ضمانتوں میں سے چار کو لاگو کرنے کے لیے بجٹ کے ایک خاص حصہ کو مختص کرے گی۔