کوئمبٹور: تمل ناڈو کے ایروڈ سے ڈی ایم کے ایم پی اے گنیش مورتی کو مبینہ طور پر کیڑے مار دوا کھانے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ آپ کو بتا دیں، گنیش مورتی 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ڈی ایم کے کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ 24 مارچ کی صبح انہیں بے چینی محسوس ہونے اور الٹی ہونے کے بعد گھر والوں نے اچانک ہسپتال میں داخل کرایا۔
بعد ازاں گنیش مورتی نے گھر والوں کو بتایا کہ انہوں نے کیڑے مار دوا کھا لی۔ انہیں فوری طور پر آئی سی یو لے جایا گیا۔ فی الوقت وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اس کے بعد تقریباً ڈھائی بجے انہیں دو ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کوئمبٹور کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
جانکاری کے مطابق ایم ڈی ایم کے لیڈر وائیکو اپنے بیٹے دورائی وائیکو کے ساتھ گنیش مورتی کی حالت کے بارے میں واقفیت حاصل کرنے کے لیے اسپتال پہنچے۔ وائیکو نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی کی حالت نازک ہے اور وہ ای سی ایم او میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنیش مورتی کی صحت کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔ ڈاکٹر ان کی حالت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔