مرادآباد: سماجوادی پارٹی سربراہ نے اتوار کو سنبھل لوک سبھا حلقے کے بلاری میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب سے ہوا پلٹنے کی خبر لگتے ہی بی جے پی کی بولی بھی بدل گئی۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ 400 پار کا نعرہ دینے والی بی جے پی پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد سے اس نعرے کو بھول گئی کیونکہ تیسرے مرحلے کی ووٹنگ میں کسی بھی سیٹ پر بی جے پی امیدوار جیت نہیں رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں پیپر لیک ہوگئے جس سے 60ہزار نوجوان کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ اگنی ویر اسکیم سے بھی نوجوانوں میں سرکار سے ناراضگی ہے۔ اس سے سبھی سیٹوں پر بی جے پی کو دو لاکھ 25 ہزار ووٹ کم ہوگیا۔
مرکزی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کے سلسلے میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی آمدنی دو گنی کرنے کی بی جے پی کے بھروسے کا کیا ہوا؟َ آمدنی دو گنی تو نہیں ہوئی فصل کی صحیح قیمت بھی نہیں ملی۔ ڈیزل ، پٹرول، کھاد، جرائم کش ادویہ اور بجلی مہنگی ضرور ہوگئی۔ فی بوری یوریا کم کر کے کسان سمان ندھی دینا بھی سمجھ سے پرے ہے۔