حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سات طلباء نے بدھ 24 اپریل کو انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ناکامی کے بعد خودکشی کر لی، جس سے ان کے والدین صدمے میں ہیں۔ یہ واقعات منچریال، کھمم، حیدرآباد، محبوب آباد، سدی پیٹ اور حیدرآباد اضلاع میں پیش آئے۔
منچیریال ضلع کے نیسپور منڈل سے تعلق رکھنے والی ایک 18 سال کی طالبہ جو ایم پی سی کے پہلے سال کی اسٹوڈینٹ تھی۔ وہ دو مضامین میں ناکام ہونے کی وجہ سے پریشان تھی۔ اس نے اپنے والدین کو بتایا کہ اس کے موبائل فون کا سگنل کام نہیں کر رہا ہے اس لیے وہ گھر کی اوپری منزل پر چلی گئی۔کافی دیر بعد جب وہ واپس نہ آئی تو اس کے والدین اوپر گئے تو اسے چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا۔
منچیریال ضلع کے تندور منڈل سے تعلق رکھنے والا ایک اور 16 سالہ طالب علم بھی اسی کورس میں پڑھ رہا تھا۔وہ چار مضامین میں ناکام ہو کر تمام امیدیں کھو چکا تھا۔ آخر کار اس نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کھمم ضلع کے موڈی گونڈہ سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ (17) نے ریاضی میں ناکام ہوگئی اور گھر پر کوئی نہ ہونے پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ ذرائع کے مطابق اس کے والد اس کی ناکامی پر ناخوش اور ناراض تھے۔
محبوب آباد منڈل کے ریڈیا کا ایک طالب علم (16) سِوکس اکنامکس اینڈ کامرس (CEC) کورس میں پہلے سال کا طالب علم تھا۔ اکنامکس میں فیل ہونے کے بعد اس نے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔