امپھال: منی پور کے امپھال وادی اور جیریبام ضلع میں جمعہ 29 نومبر کو 13 دن کے وقفہ کے بعد اسکول اور کالج دوبارہ کھل گئے۔ حکام کے مطابق امپھال اور جیریبام میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد تمام تعلیمی اداروں کو کھول دیا گیا، جس کے بعد یونیفارم میں طلباء کو اسکول جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور محکمہ اعلیٰ و تکنیکی تعلیم نے جمعرات کو امپھال ایسٹ، امپھال ویسٹ، بشنو پور، کاکچنگ، تھوبل اور جیریبام اضلاع میں تعلیمی اداروں میں دوبارہ تعلیم شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسکولوں کے کھلنے کے بعد سرپرستوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے ایک اہلکار بیکن سنگھ، جن کے دو بچے امپھال کے ایک نجی اسکول میں پڑھتے ہیں، نے کہا کہ یہ بڑی راحت کی بات ہے کہ اسکول دوبارہ کھل گئے۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے بچے چھٹی اور ساتویں جماعت میں پڑھتے ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے سے ان کے فائنل امتحانات ہوں گے اور سلیبس کا کچھ حصہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے اساتذہ کو سلیبس مکمل کرنے کا موقع ملے گا جس سے طلبا کی کافی مدد ہوگی۔