ممبئی:جنوبی ممبئی کے بی وارڈ یعنی مسلم اکثریتی علاقوں میں موجود بلدیہ کا یہ دفتر بلدیاتی کاموں میں ناکام ثابت ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے کی عوام ناراض ہے۔ کئی بار بلدیہ کے اعلیٰ حکام سے شکایت کرنے کے بعد بھی کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلتا۔ جس کے سبب علاقے کی عوام نے کانگریس کے بینر تلے بلدیہ کے اس وارڈ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اس دفتر میں ہی قفل لگانے کے لیے جمع ہوئے۔
اس سے پہلے کہ یہاں قفل لگایا جاتا مقامی پولیس تھانے کی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی اور مظاہرین کو یہاں سے حراست میں لے لیا گیا اور اُنہیں پولیس تھانے لے جایا گیا۔ کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ مظاہرین کی ناراضگی یہی ہے کہ علاقے میں پانی کی قلت صفائی میں بلدیہ کی ناکامی اور روڈ کے گڈھے جسکے سبب عوام نے یہاں احتجاج کرنا شروع کیا مظاہرین مطالبہ تھا کہ بلدیہ جن کاموں کا ذمه لیتی ہے اس سے لاپرواہی کیسے بلدیہ کی اس غفلت اور لاپرواہی کا خمیازہ عوام کیوں بھگتے ۔
آپ کو بتا دیں کہ ممبئی کے بھینڈی بازار، محمد علی روڈ، کھڑک، ڈونگری جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں قدیم اور مخدوش عمارتیں ہیں ان عمارتوں میں رہنے والے مکین بنیادی سہولتوں سے طویل مدت سے محروم ہیں بارش کے دنوں میں ان علاقوں میں ہونے والی گندگی کے سبب علاقائی عوام کو کئی وائرل بیماریوں کہ شکار ہونا پڑتا ہے۔