احمد آباد:گجرات کے شہر احمد آباد میں عید میلاد النبیﷺ کے تعلق سے تمام تر تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس تعلق سے عید میلاد النبی سینٹرل کمیٹی احمد آباد کے چیئرمین تسنیم عالم بابا ترمذی نے کہا کہ 16 تاریخ کو عید میلاد النبیﷺ یعنی ہمارے پیارے نبیﷺ کی پیدائش کا دن ہے۔ اس دن ہر سال احمد آباد میں بڑے ہی شاندار طریقے سے جشن ولادت منایا جاتا ہے اور ایک بڑا جلوس نکالا جاتا ہے۔ جو احمد آباد کے جمال پور سے ہوتا ہوا مرزا پور میں ختم ہوتا ہے۔ ہر سال دوپہر میں دو بجے اس جلوس کی شروعات ہوتی ہے اور شام میں مرزاپور میں جلوس کا اختتام کیا جاتا ہے۔ وہاں پر نعت خوانی اور تقریری مقابلے کے بعد طلبہ کو انعامات سے نوازا جاتا ہے اور جشن ولادت منایا جاتا ہے۔
تسنیم عالم بابا ترمذی نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے فارم بھی بھرے ہیں۔ خاص طور سے جلوس میں کن کن چیزوں کو لے جانا ہے۔ اس کے لیے احمد آباد کے مختلف علاقوں کے لوگوں نے فارم جمع کروائے ہیں۔ اس میں ٹرک، گاڑی اور گھوڑے شامل ہوں گے۔ اس روٹ کے لیے پولیس سے ہم نے اجازت مانگی ہے۔ پولیس نے ہمیں تمام طرح کا تعاون دیا ہے اور بڑے ہی دلکش اور پرکشش انداز میں یہ جلوس نکالا جاتا ہے۔