بھونیشور: اوڈیشہ اسمبلی انتخابات 2024 میں ووٹنگ کے تیسرے مرحلے کے دوران ای وی ایم کو توڑنے اور پولنگ بوتھ پر ہنگامہ کرنے کے الزام میں ہفتہ کے روز ایک بی جے پی ایم ایل اے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اوڈیشہ کے کھوردھا ضلع میں ایک پولنگ بوتھ پر مبینہ طور پر ای وی ایم کو توڑنے کا ایم ایل اے پر الزام تھا۔
چِلکا کے ایم ایل اے اور بی جے پی امیدوار پرشانت جگدیو اپنی بیوی کے ساتھ ووٹ ڈالنے بوتھ پر گئے تھے۔ اس دوران انہوں نے مبینہ طور پر ای وی ایم میں توڑ پھوڑ کی۔ متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے جگدیو کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا اور بعد میں انھیں گرفتار کر لیا، بعد ازاں انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔
حکمراں پارٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر سے اپیل کرتے ہوئے جگدیو کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، کونری پٹن کے کچھ گاؤں والوں نے دعویٰ کیا کہ ایم ایل اے کے خلاف الزامات سیاسی طور پر محرک تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دو بار کے ایم ایل اے پرشانت جگدیو کو مارچ 2022 میں مقامی پولیس کی موجودگی میں کھوردھا میں بناپور بلاک آفس کے باہر بی جے پی حامیوں کے ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں حکمراں بی جے ڈی سے نکال دیا گیا۔