نئی دہلی: قومی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ ریکھا شرما پر تبصرے کے لیے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا موئترا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ دراصل ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا موئترا نے قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن ریکھا شرما کے خلاف متنازع تبصرہ کرکے ایک بار پھر تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔
این سی ڈبلیو نے ایک بیان میں کہا کہ خواتین کے قومی کمیشن نے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنان مہوا موئترا کے این سی ڈبلیو سربراہ ریکھا شرما کے خلاف توہین آمیز تبصروں کا از خود نوٹس لیا ہے۔ قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے کمیشن نے دہلی پولیس کے پاس باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ اس کے علاوہ لوک سبھا اسپیکر کو بھی ایک خط بھیجا گیا ہے۔
مہوا موئترا نے دہلی پولیس کو ایکس ٹیگ کرتے ہوئے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ براہ کرم ان سو موٹو آرڈرز پر فوری کارروائی کریں۔ اگر آپ کو اگلے تین دنوں میں میری ضرورت ہو تو میں فوری گرفتاری کے لیے ندیا میں ہوں۔