کوٹہ (راجستھان): دہرادون اور کوٹہ کے درمیان چلنے والی نندا دیوی ایکسپریس ٹرین کے دو حصوں میں بٹ جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ حادثہ راجستھان کے کوٹہ ریلوے ڈویژن کے بھرت پور سے سیور اسٹیشن کے درمیان پیش آیا ہے حالانکہ اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ہوا یوں کہ نندا دیوی ایکسپریس تیز رفتاری سے جا رہی تھی کہ اچانک دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ ٹرین میں موجود مسافروں کو بھی کچھ سمجھ میں نہیں آیا اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم جب مسافروں نے جا کر دیکھا تو ٹرین کا دوسرا حصہ جس میں وہ موجود تھے وہ ریل سے ہٹ چکا تھا۔ انہوں نے ریل انتظامیہ کو اس کی خبردی، اور ریلوے ملازمین فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد ٹرین کو دوبارہ جوڑا گیا اور پھر ٹرین کو کوٹا روانہ کر دیا گیا۔