ناگپور: کامٹھی روٹ پر میٹرو پل کی ریلنگ پر نائلن مانجھے سے لٹکنے والے طوطے کو بچانے کے لیے میٹرو چلائی گئی۔ یہ واقعہ منگل کی شام پیش آیا۔ گڈی گودام علاقے میں میٹرو پل پر حفاظتی باڑ میں ایک طوطا نائیلون مانجھے میں پھنس گیا۔ ریسکیو ٹیم کو اس کی اطلاع مل گئی۔ اس کے بعد وہ فوراً موقع پر پہنچے اور نائیلون مانجھہ میں پھنسے طوطے کی جان بچانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ لیکن بدقسمتی سے ریسکیو ٹیم اس جگہ نہ پہنچ سکی جہاں طوطا پھنس گیا تھا۔
ریسکیو ٹیموں کی ناکامی کے بعد فائر فائٹنگ ٹیم کو طلب کیا گیا۔ فائر فائٹرز نے طوطے کو بچانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بدقسمتی سے وہ بھی طوطے تک نہ پہنچ سکے۔ کیونکہ ان کی سیڑھی وہاں تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ طوطے تک پہنچنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی تھی۔
جب مانجھہ میں پھنسے طوطے کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں تو ناگپور کا ایک نوجوان ہریش کنکر قریبی گڈی گوڈاؤن میٹرو اسٹیشن پہنچا، وہاں کے اہلکاروں سے بات چیت کی، اسٹیشن سے 100 میٹر دور میٹرو ٹریک سے جانا چاہا، تمام اہلکاروں نے سینئرز سے مشاورت کے بعد اجازت دے دی۔ اس کے بعد ہریش کنکر اور میٹرو کے ایک ملازم میٹرو میں 100 میٹر طوطا جہاں پھنسا تھا وہاں تک گئے۔ اسی جگہ میٹرو کو روکا گیا اور ایک نوجوان طوطے کی جان بچانے کے لیے پٹریوں پر اتر گیا۔