اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں گذشتہ چند برس قبل تعمیر کیے گئے حج ہاؤس کا آخر کار افتتاح عمل میں آیا۔ ریاستی اقلیتی وزیر عبدالستار نے حج ہاؤس کی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی لیڈران، سرکاری حکام کے علاوہ عام لوگ کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے عبدالستار نے کہا کہ حج ہاؤس کی یہ عمارت وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اب تک اورنگ آباد سے جانے والے حاجیوں کو ممبئی سے حج کے لیے روانہ ہونا پڑتا تھا۔ اس کی وجہ سے حاجیوں کو کافی مشکلات ہوتی ہے، لیکن اب اورنگ آباد سے جانے والے حاجیوں کو اس حج ہاؤس کی وجہ سے راحت ملے گی۔
اورنگ آباد سے مختلف اضلاع کے لوگ حج کے لیے روانہ ہوتے ہیں، اور حج کے سفر کے لیے جاتے وقت حاجیوں کو اورنگ آباد شہر کی جامع مسجد میں ہی قیام کرنا پڑتا ہے، لیکن اس سال اورنگ آباد شہر کے قلعے ارک میں حج ہاؤس کی تعمیر کے بعد اورنگ آباد امبارگیشن پوائنٹ سے جانے والے حاجیوں کو ایسی عمارت سے روانہ کیا جائے گا، اس عظیم الشان حج ہاؤس کی عمارت میں وقف بورڈ ٹریبونل کا دفتر بھی بنایا گیا ہے۔