سنبھل: سماج وادی رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق کے والد مولانا مملوک الرحمن برق نے تشدد کے لئے پولس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ساتھ ہی پولیس پر خواتین کی توہین اور ہراساں کرنے کا بھی الزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس انتظامیہ سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی دبانے والے ہیں۔
سنبھل میں 24 نومبر کو شاہی جامع مسجد کے دوبارہ سروے کے دوران ہوئے تشدد میں چار افراد مارے گئے تھے۔ جبکہ متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس معاملے میں ایس پی اور کانگریس مسلسل حکومتی انتظامیہ پر حملہ آور ہیں۔ دریں اثنا، جمعہ کو سنبھل کے ایس پی ایم پی ضیاء الرحمن برق کے والد مولانا مملوک الرحمن برق نے پولیس انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سنبھل کے موجودہ حالات کے لیے پولس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مسلمانوں کو مسلسل ہراساں کر رہی ہے۔ سنبھل کا ماحول تب تک نہیں سدھرے گا جب تک پولس گرفتاریاں بند نہیں کرتی۔ چھاپے کے نام پر پولیس مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر مار رہی ہے۔ خواتین کی توہین کر رہی ہے، ایک طرح سے پولیس مسلمانوں کو ہراساں کر رہی ہے۔