لکھنؤ: علامہ سید سلیمان ندوی کی شخصیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن عظمی ندوی نے کہا کہ وہ عبقری شخصیت تھے ، ان کی ذات جامع الکمالات تھی، اللہ تعالی نے ان کے ذریعہ علوم اسلامیہ کی تشریح و تدوین اور عصری اسلوب میں باطل اعتراضات اور بے جا شکوک و شبہات کے ازالہ کا ایسا کام لیا، جورہتی دنیا تک انشاءاللہ یادگار ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہتم دارالعلوم ندوۃ العلماء حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن عظمی ندوی نے سوانح سید الطائفہ علامہ سید سلیمان ندوی ( مولفہ مولانا ڈاکٹر محمد فرمان ندوی استاذ دار العلوم ندوۃ العلماء ) کا اجراء کرتے ہوئے کہا۔
مولانا نے مزید کہا کہ وہ ندوۃ العلماء کے مایہ ناز فاضل اور اس کی نمائندہ اور مثالی شخصیت ہیں، ندوہ کی فکر کی ترجمانی انہوں نے پوری زندگی کی ، اس پر ان کے خطبات و مقالات اور علمی تصنیفات شاہد عدل ہیں مولانا محمد فرمان ندوی کی یہ کتاب علامہ سلیمان ندوی کی شخصیت سے واقف ہونے کے لئے سنگ میل یعنی ایک ذریعہ ہے۔
ناظم ندوۃ العلماء مولانا سید بلال عبد الحی حسنی ندوی نے کہا کہ ندوۃ العلماء کی نمائندہ شخصیات میں علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ ہیں ، ان کا عظیم الشان کارنامہ سیرت النبی کی تکمیل ہے، اسلامی شریعت کو جاننا چاہتے ہیں تو ان کی کتابوں کامطالعہ ضرور ہے، ان کی کتابیں اعتدال و جمعیت کا سنگم ہوتی ہیں ، علامہ سید سلیمان ندوی جیسی شخصیتیں خال خال پیدا ہوتی ہیں،
لامہ سید سلیمان ندوی کی شخصیت پر طویل کتابیں موجود ہیں لیکن عصر حاضر كے پیش نظر ضرورت تھی کہ نئے اسلوب میں متوسط درجے کی ایک کتاب مرتب کی جائے ، سابق ناظر عام مولاناسید محمد حمزه حسنی ندوی کے ایماء پر مولانا محمد فرمان ندوی نے یہ کتاب مرتب کی ہے، جو عوام و خواص کے لئے یکساں مفید ہے، طلباء مدارس خاص طور سے اس کتاب سے مستفید ہو سکتے ہیں۔