بھاگلپور (بہار): بھاگلپور میں مخدوم سید شہباز رحمت اللہ علیہ کا 396ویں عرس کا بروز بدھ آغاز ہوا۔ سجادہ نشیں کے ہاتھوں پرچم کشائی کے بعد سہ روزہ عرس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس کے بعد مدرسہ شہبازیہ کے بچوں نے نعت شریف پیش کیں۔ ریاست بہار کے بھاگلپور میں ریلوے اسٹیشن کے متصل واقع خانقاہ شبہازیہ، اسلامی ورثے اور صوفی روایات کی ایک شاندار مثال ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس کا قیام 1577 عیسوی میں کیا گیا تھا۔
یہ خانقاہ، ایک مزار، شاہجہانی مسجد، اور مدرسہ جامعہ شہبازیہ پر مشتمل ہے، جو روحانی عقیدت اور تعلیم و تربیت دونوں کا ایک مرکز ہے۔ واضح رہے کہ یہ خانقاہ مولانا سید شہباز محمد بھاگلپوری ثم دیوپوری کے نام سے وقف ہے، جنہیں عام طور پر شہباز محمد بھاگلپوری کے نام سے جانا جاتا ہے، جو ایک عظیم صوفی بزرگ اور عالم دین تھے اور یہ اسلام کی تعلیمات کی تبلیغ و اشاعت میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں۔
ہر سال تین روزہ عرس میں دور دراز سے لوگ شریک ہوتے ہیں اور منتیں مانگتے ہیں۔ عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ یہ خانقاہ شہبازیہ لوگوں کی عقیدت کا محور ہے اور مختلف مقامات سے لوگ عرس کے موقع پر یہاں آتے ہیں اور خصوصی دعاؤں اور درود کا اہتمام کرتے ہیں۔ عرس کے موقعے پر لوگوں کی یہاں پر کثیر تعداد دیکھی جا سکتی ہے۔