علی گڑھ: ملک اور بیرون ملک میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مشہور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو بم دھماکہ سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ دھمکی دینے والے شخص نے یہ حرکت صرف 2 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے کی ہے۔ تاہم پولیس ابھی تک میل بھیجنے والے کا سراغ نہیں لگا سکی۔ فی الحال اے ایم یو جیسے ادارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد پولیس پوری طرح چوکس ہے۔ یونیورسٹی کیمپس کے اطراف سیکورٹی کو سخت کردیا گیا۔
اے ایم یو کے پراکٹر وسیم علی نے کہا کہ جمعرات کے اوائل میں tiwarisrijanyt@protonmail.com سے ایک ای میل موصول ہوا تھا۔ اس کا UPI نمبر 6387866385 ہے۔ ای میل بھیجنے والے شخص نے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ ای میل میں کہا گیا کہ اگر 2 لاکھ روپے کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے اڑا دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فوری طور پر سول لائنز تھانے میں تحریری شکایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مرکزی حکومت کی مداخلت سے ماحول گرم - ALIGARH MUSLIM UNIVERSITY
ایریا آفیسر ابھے کمار پانڈے نے کہا کہ اے ایم یو انتظامیہ سے شکایت موصول ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ڈاگ اسکواڈ اور بھاری نفری کے ساتھ اے ایم یو کیمپس پہنچی اور کیمپس میں چیکنگ کی گئی۔ اس موقع پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی چیکنگ مہم چلائی۔ فی الحال کیمپس میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی ہے۔ اے ایم یو کے ارد گرد پولس انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ ملزم کے میل کی چھان بین کی جارہی ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس وقت یونیورسٹی میں موسم سرما کی تعطیلات جاری ہیں، جس کی وجہ سے کیمپس کے اندر طلبا کی تعداد بہت کم ہے۔