ممبئی: مہاراشٹر میں 23 نومبر کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد، مہایوتی کی طرف سے ابھی تک وزیر اعلی کے نام کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، خبر ہے کہ مہاراشٹر میں نئی مہایوتی حکومت 5 دسمبر کو حلف اٹھائے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی ممبئی کے آزاد میدان میں منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔
این سی پی سربراہ اجیت پوار نے واضح کر دیا ہے کہ، وزیراعلیٰ بی جے پی سے ہوگا اور حلیف پارٹیوں سے نائب وزیراعلیٰ ہوں گے۔
اجیت پوار نے کیا کہا؟
این سی پی سربراہ اجیت پوار نے بھی واضح کیا ہے کہ، وزیراعلیٰ بی جے پی سے ہی بنایا جائے گا۔ مہایوتی میں شامل دونوں حلیف پارٹیوں سے ایک ایک نائب وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔ جب اجیت پوار سے حکومت کی تشکیل میں تاخیر سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ، یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ تاخیر ہو رہی ہے، اگر آپ کو یاد ہو تو، 1999 میں حکومت کی تشکیل میں ایک مہینہ لگا تھا۔ واضح رہے مہاراشٹر اسمبلی کی مدت 26 نومبر کو ختم ہو چکی ہے۔
مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باونکولے نے ہفتہ کو پہلے ایکس پر پھر بعد میں بیان جاری کرتے ہوئے حلف بردادی تقریب کے انعقاد سے متعلق جانکاری دی۔ انہوں نے کہا، مہایوتی حکومت کی حلف برداری تقریب، ممبئی کے آزاد میدان میں، وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں، 5 دسمبر 2024 کو منعقد ہوگی۔