ناسک: ای وی ایم ہیکنگ کے نام پر شیوسینا (یو بی ٹی) کے امیدواروں سے لاکھوں روپے مانگنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ فی الوقت اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔
دریں اثنا ناسک سینٹرل سیٹ کے امیدوار وسنت گیتے کے انتخابی مہم کے دفتر میں ایک شخص آیا اور ای وی ایم مشین کو ہیک کرنے کا دعویٰ کیا۔ اس کے بدلے میں اس نے وسنت گیتے سے 42 لاکھ روپے مانگے۔ اس دوران اس نے گیتے کے حامی آنند شرساتھ کو دھمکی بھی دی کہ وہ آج ہی 5 لاکھ روپے دے دیں ورنہ وہ گیتے کو ہرا دے گا۔ آفس کے ذمہ داروں نے اس کی اطلاع پولیس کو دے دی۔
جلدی پیسہ کمانے کی لالچ میں جیل
ممبئی ناکہ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تفتیش کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت بھگوان سنگھ چوہان کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ راجستھان کے اجمیر کا رہنے والا ہے۔ ملزم پچھلے کچھ مہینوں سے ناسک کے مخمل آباد علاقہ میں رہ رہا تھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماربل ورکر چوہان نے جلدی پیسے کمانے کے لالچ میں سیاستدانوں سے پیسے بٹورنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اب سلاخوں کے پیچھے ہے۔