گیا : وقف ترمیمی بل کے سلسلے میں بہار کے ملی و مذہبی اور خانقاہوں کے نمائندوں نے وزیراعلی حکومت بہار نتیش کمار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بل کے تعلق سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے اس ضمن میں میمورنڈم بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تمام شرکا وفد کو یقین دلایا کہ کبھی ہم نے مسلمانوں کے خلاف کسی بھی عمل کو گوارہ نہیں کیا ہے اور آپ لوگ یقین رکھیں کہ آئندہ بھی ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
وفد کے مطابق جب وزیراعلی کو بل کے نقصانات کی تفصیل بتائی گئی تو انہوں نے بل کے تعلق سے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی کہ یہ چیزیں ہمارے علم میں نہیں تھیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے میمورنڈم کی کاپی شرکا وفد کی موجودگی میں پارٹی کے کارگزار صدر سنجے جھا، پارٹی کے سینیئر لیڈر اور ریاستی وزیر وجے چودھری اور منیش ورما کے حوالہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے غور سے دیکھیے اور ہمیں بتائیے، ہم خود اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے بات کریں گے۔
پارٹی کی جانب سے اپنا موقف رکھتے ہوئے وجے چودھری اور سنجے جھا نے کہا کہ وزیرااعلی ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ رہے ہیں اور اس معاملے میں بھی ضرور ساتھ رہیں گے اور وفد کے مفاد کے خلاف کسی بھی بل کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔ آپ لوگوں نے جو باتیں ہمیں لکھ کر دی ہیں ہم انہیں پڑھ کر اپنی پارٹی کی طرف سے جے پی سی کے اپنے رکن کو بھی اپنا موقف بتائیں گے، بلکہ وہ' ایم پی ' آپ حضرات کے ساتھ بیٹھ کر بل کو سمجھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ آپ لوگ ہر طرح سے مطمئن رہیں اور وزیراعلی کا پیغام عام لوگوں تک پہنچا دیں۔