پریاگ راج: چھتیس گڑھ سے کمبھ میلہ جا رہے عقیدت مندوں کی بولیرو گاڑی پریاگ راج-مرزا پور ہائی وے پر ایک بس سے ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ رات دو بجے پریاگ راج ضلع کے میجا علاقے میں پیش آیا۔ اس حادثے میں کار میں سوار سبھی 10 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی جب کہ بس میں سوار مدھیہ پردیش کے 19 عقیدت مند زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔
چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع سے 10 لوگ کمبھ میلے میں گنگا میں ڈبکی لگانے کے لیے بولیرو میں نکلے تھے۔ گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی۔ رات تقریباً دو بجے کار پریاگ راج-مرزا پور ہائی وے پر عقیدت مندوں سے بھری ایک بس سے ٹکرا گئی۔ اس بس میں سوار عقیدت مندوں کا تعلق مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع سے ہے جو کمبھ میلے سے واپس گھر جا رہے تھے۔
حادثے میں کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ کار میں سوار تمام افراد کی موت ہو گئی۔ بس میں سوار 19 عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ چیخ و پکار پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ کار میں سوار افراد کیبن میں بری طرح پھنس گئے۔ کافی کوشش کے بعد پولیس نے لوگوں کی مدد سے انہیں باہر نکالا۔