بنگلور : کرناٹک میں لوک آیکت حکام نے منگل کی صبح ریاست میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف کی گئی۔ لوک آیکت کے عہدیداروں ن داونگیرے، دھارواڑ، بیلگاوی، ہاویری اور بیدر کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں سرکاری افسران کے گھروں اور دفاتر میں دستاویزات کی جانچ کی۔
لوک آیکت کے عہدیداروں نے ہاویری میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق محکمہ کے اسسٹنٹ انجینئر (اے ای) کاشی ناتھ بھجنتری کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ جیسے ہی لوک آیکت کے اہلکار ان کے گھر پہنچے تو کاشی ناتھ بھجنتری نے اپنے گھر کی کھڑکی سے لاکھوں روپے باہر پھینک دیے۔ حکام نے بتایا کہ لوک آیکت پولیس منگل کی صبح ہاویری شہر کے بسویشور نگر علاقے میں واقع کاشی ناتھ بھجناتری کی رہائش گاہ پہنچی۔ اس دوران کاشی ناتھ بھجناتری نے 9 لاکھ روپے کا بنڈل کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔ اس کے علاوہ گھر میں بستر سے 2 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ لوک آیوکت کے ایس پی ایم ایس کولپورے نے بتایا کہ پولیس نے گھر سے کل 14 لاکھ روپے کی نقدی ضبط کی ہے۔