اردو

urdu

ETV Bharat / state

مدرسہ حنفیہ میں جشن خواجہ کا اہتمام، دلیہ تقسیم کرکے یکجہتی کا پیغام دیا - ای ٹی وی بھارت اردو خبر

Jashn e Khwaja In Lucknow۔ Madrasa Hanafia Lucknow۔ لکھنؤ میں واقع مدرسہ حنفیہ میں جشن خواجہ کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر دلیہ تقسیم کرکے یکجہتی کا پیغام بھی دیا گیا۔ مولانا محمد عرفان قادری استاذ مدرسہ حنفیہ ضیاء القرآن شاہی مسجد بڑا چاند نے اس موقع پر کہا کہ جب بندہ ایمان کے ساتھ ساتھ عمل صالح کا پیکر ہوتا ہے اور شریعت مطہرہ کے مطابق اپنی زندگی گزارتا ہے تو وہ اللہ کا مقرب ہوجاتا ہے۔

Jashn e Khwaja was organized In Madrasa Hanafia Lucknow, porridge was distributed and message of solidarity was given
Jashn e Khwaja was organized In Madrasa Hanafia Lucknow, porridge was distributed and message of solidarity was given

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 23, 2024, 5:08 PM IST

مدرسہ حنفیہ میں جشن خواجہ کا اہتمام، دلیہ تقسیم کرکے یکجہتی کا پیغام دیا

لکھنؤ:جو بندہ ایمان اور عمل صالح کا پیکر ہوتا ہے اور شریعت مطہرہ کے مطابق اپنی زندگی سنوار لیتا ہے وہ اللہ کا مقرب ہوجاتا ہے۔ پھر رب تبارک وتعالیٰ اسے ولایت سے سرفراز فرماتا ہے اور خلق خدا کے دلوں میں اس کی محبت بھی پیدا فرما دیتا ہے۔ سلطان الہند عطائے رسول حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے مقرب ترین بندوں میں سے ہیں۔ ہندوستان میں اسلام پھیلانے کے لیے آپ کا انتخاب بارگاہ رسالت سے ہوا تھا۔ آپ کا آستانہ صدیوں سے مرجع خلائق ہے۔ جہاں ہر مذہب وملت کے لوگ حاضری دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عرفان قادری استاذ مدرسہ حنفیہ ضیاء القرآن شاہی مسجد بڑا چاند نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:

اجمیر میں عرس کے موقع پر سجائی جانے والی روایتی محفل، قوالی تین طریقوں سے گائی جاتی ہے

وہ آج مدرسہ کے طلبہ کی انجمن فیضان نوری کے تحت منعقد "جشن خواجہ غریب نواز" کو خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ غریب نواز کے آستانے پر دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ اپنے وقت کے سلاطین وحکمراں بھی بارگاہ غریب نواز میں حاضری دیتے رہے اور آپ کی عظمت ومقبولیت کا اعتراف کرتے رہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ غریب نواز سے محبت کریں اور آپ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بھی گزاریں۔

پروگرام کے اخیر میں دلیہ بطور تبرکات تقسیم کیا گیا۔ جس کے تعلق سے مولانا جمیل نظامی نے بتایا کہ مدرسے میں یہ برسوں کی روایت ہے۔ ابتداء میں چند لوگوں سے شروع ہوئی تھی۔ جس کا مقصد تھا کہ جو حضرات عرس خواجہ معین الدین چشتی کے موقع پر اجمیر نہیں جاسکے ہیں وہ مدرسہ میں منعقد قل شریف میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اس تبرکات میں گوشت کا استعمال نہیں کیا جاتا ہے۔ چونکہ خواجہ معین الدین چشتی سے سبھی طبقہ کے لوگ محبت کرتے ہیں، اس لیے وہ تبرکات بھی لینے اتے ہیں۔
پروگرام کی صدارت مدرسہ حنفیہ ضیاء القرآن کے پرنسپل قاری ذاکر علی قادری اور سرپرستی حاجی محمد افتخار حسین برکاتی منیجر مدرسہ ھٰذا نے کی۔ قاری محمد عامر ضیائی، قاری فیضان رضا شاہی نے نعت ومنقبت پیش کی۔ صلاة وسلام کے بعد مولانا محفوظ الرحمٰن نوری سابق پرنسپل جامعہ امداد العلوم مٹہنا بلرام پور کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر قاری نور محمد اشرفی، قاری جمیل احمد نظامی، مولانا محمد عظیم ازہری، قاری محمد ایوب اشرفی، قاری تبریز عالم قادری، ادارہ کے صدر حاجی سید رسول حسن برکاتی، مشرف زماں حشمتی، محمد عارف برکاتی، ڈاکٹر نفیس احمد صدیقی، حاجی یار محمد، دلدار خاں، دل شیر علی، محمد انوار قادری، قاری محمد احمد ضیائی، قاری غلام جیلانی ضیائی، ماسٹر مظہر حسین اور محمد شاہان سیتاپوری کے علاوہ دیگر اساتذہ واراکین اور معززین کثیر تعداد میں موجود تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details