حیدرآباد: انڈین اسکول آف بزنس (آئی ایس بی) نے آج راموجی فاؤنڈیشن کی جانب سے حیدرآباد کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد کے لیے 30 کروڑ کے گرانقدر عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ اس فراخدلانہ عطیہ کے ذریعہ موصول ہونے والے فنڈز سے ایگزیکٹو سینٹر کے حصے کے طور پر ایک جدید ترین 430 نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا، تعمیر کے بعد آڈیٹوریم بین الاقوامی کانفرنسوں، تحقیقی سیمینارز، ممتاز لیکچرز اور دیگر نمایاں تعلیمی تقریبات کی میزبانی کرے گا۔
راموجی فاونڈیشن کے گرانقدر عطیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آئی ایس بی بورڈ کے چیئرپرسن ہریش منوانی نے کہاکہ "ہمارے عطیہ دہندگان کی جانب سے دی گئی گرانقدر امداد نے آئی ایس بی میں سیکھنے اور تحقیق کے لیے عالمی معیار کا ادارہ کے اپنے وژن میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم راموجی فاؤنڈیشن کے اس تعاون کے لیے شکرگزار ہیں جس کے ذریعہ اعلیٰ درجے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد ملی ہے جس کے ذریعہ آئی ایس بی کو فوقیت ملے گی۔