مرادآباد کے بازاروں میں رنگ برنگے تربوزوں کی مانگ میں اضافہ (etv bharat) مرادآباد:مغربی اتر پردیش میں ان دنوں گرمی نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ بچے ہوں بوڑھے یا جوان سبھی اس گرمی سے پریشان نظر آ رہے ہیں، ایسے میں موسم گرما میں پایا جانے والا پھل تربوز ان کو راحت پہنچا رہا ہے۔
بازار میں جگہ جگہ تربوز کے ڈھیر لگے نظر آ رہے ہیں جسے سبھی بڑے چاؤ سے کھاتے ہیں۔ کبھی سُرخ رنگ کا تربوز ہی بازار میں ملتا تھا مگر اب بازاروں میں مختلف رنگ کے تربوز دستیاب ہیں جو لوگوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔ رنگ برنگے تربوز سبھی کے دلوں کو لبھا رہے ہیں اور وہ خوشی خوشی اپنے لواحقین کے لیے ان رنگ برنگ تربوزوں کی خریداری کر رہے ہیں۔
حالانکہ موسم گرمی میں طبی نقطہ نظر سے بھی تربوز کی کچھ خصوصیات ہیں جس کی بنا پر لوگ گرمی کے موسم میں تربوز کھانا پسند کرتے ہیں اور کچھ لوگ تربوز کا رس نکال کر بھی اسے پیتے ہیں جو اس موسم میں چلنے والی لو سے انہیں بچاتا ہے۔ماہر طب یونانی محمد مناظر اشرفی کے مطابق گرمی کے موسم میں تربوز کا استعمال بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ تربوز کا استعمال جہاں گرمی میں چلنے والی لو سے محفوظ رکھتا ہے تو وہیں جسمِ انسانی میں پانی کی کمی کو بھی دور کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلمانوں کی آبادی میں اضافے سے متعلق بیان بے بنیاد: مسلم دانشور - Reaction On BJP Government
رنگ برنگ تربوزوں کے متعلق بتاتے ہوئے تربوز فروخت کرنے والے وسیم نے بتایا کہ اس مرتبہ کئی طرح کے مختلف بیج کا استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے رنگ برنگے تربوز بازار میں نظر ارہے ہیں۔ ان کے مطابق بیج کی وجہ سے ان کا رنگ قدرتی ہے اور اس میں کسی طرح کا کیمیکل استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرمی کے موسم میں تربوز کی خوب خریداری ہو رہی ہے۔