لکھنؤ: اترپردیش کانگریس کمیٹی نے اقلیتی محکمہ کی جانب سے بدھ کے روز لکھنؤ کے چوک روڈ اور ٹیدھی پلیا پر پھل فروشوں کی گاڑیوں پر آئین کے تمہید کی تصاویر لگا کر ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنے کا عزم کیا۔
اس دوران اقلیتی محکمہ کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے کہا کہ یوگی حکومت کا پھل فروشوں کی مذہبی شناخت ظاہر کرنے کا حکم خلاف آئین تھا۔ اس لیے سپریم کورٹ نے اس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ آئین کی بالادستی کو قائم کرنے والا فیصلہ ہے۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے یا بی جے پی کو چاہیے تھا کہ وہ انہیں عہدے سے برطرف کردیں۔
شاہنواز عالم نے کہا کہ اقلیتی کانگریس پوری ریاست میں پھلوں کی گاڑیوں پر خاص طور پر کانوڑ یاترا کے راستے پر آئین کے تمہید کی تصاویر لگائے گی اور یہ پیغام دے گی کہ کانگریس بی جے پی حکومت کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔