لکھنؤ:1991ء سے اپنے ملک میں پہلی جولائی کو نیشنل ڈاکٹرس ڈے کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس کی مناسبت سے اپولو ہاسپٹل کے معروف ڈاکٹر ولی اللہ صدیقی اور کائنڈ ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شارق حبیب کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر شاہین اکیڈمی لکھنؤ کے چیئرمین مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اپنے افتتاحی تقریر میں کہا کہ ہمارے ادارے کا مقصد معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت کو یقینی بنانا ہے کیوں کہ خدا تعالیٰ نے اپنے آخری پیغمبر کو دنیا میں علم اور اخلاق کی تعلیم کے لیے ہی مبعوث فرمایا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم اپنی نئی نسل کی دنیا و ایمان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دنیاوی کامیابی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین سال کے عرصے میں ہمارے ادارے نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔اس کا سب سے واضح ثبوت یہ ہے کہ ہمارے سنٹر سے کئی بچوں نے نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس میں شفا شمیم 705 نمبر، بشری ٹیم 695 نمبر، حبیبه تسنیم نے 662 نمبر ، وریشہ نے 660 نمبر عبد اللہ نسیم نے 683 نمبر محمد احمد نے 678 نمبر محمد صادق شیخ نے 873 نمبر ، ارباز خان نے 630 نمبر اورمحمد یونس نے 626 نمبر سے کامیاب ہوئے۔
اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد القدیر نے شاہین اکاڈمی لکھنؤ کی ستایش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک میں اپنے حقوق حاصل کرنا اور کامیابی کی منزلیں طے کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کریں۔مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں پوری تیاری کے ساتھ امتحان دلوا ئیں ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 برسوں کی محنتوں اور تحقیق کے بعد ہم نے ایک ایسا تعلیمی ما ڈل بنایا ہے۔اس کے مطابق اگر بچے کو تعلیم دی جاتی ہےاور تیاری کرائی جاتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ نیٹ اور آئی آئی ٹی اور جے ای ای میں کامیاب نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے میں اعلیٰ تعلیم کے علاوہ ، ایمان داری،دیانت داری، شخصیت سازی پر پوری توجہ مرکوز کی جاتی ہے اور کسی بھی حال میں، درجے میں، ہاسٹل میں موبائل رکھنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کا وقت بھی ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے اور یہ بچے بے راہ روی سے محفوظ ہو جاتے ہیں ۔