گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے بیلا گنج اسمبلی حلقہ میں واقع لکشمی پور گاؤں میں ایک شاندار پرتکلف دعوت افطار کا اہتمام ہوا۔ جس میں کئی سیاسی رہنماؤں کی شرکت ہوئی۔ خاص طور پر بیلا گنج اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر اور جہان آباد پارلیمانی حلقہ کے اُمیدوار ڈاکٹر سریندر پرساد یادو اور رفیع گنج اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی نہال الدین شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ مقامی سطح کے کئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ضلع میں دعوت افطار کا سلسلہ بڑھ گیا ہے اور ہر دن ضلع کے کئی مقام پر دعوت افطار کا اہتمام ہو رہا ہے۔ لکشمی پور گاؤں میں دعوت افطار میں شرکت کے بعد ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بیلا گنج اسمبلی حلقہ کے تحت لکشمی پور میں منعقدہ دعوت افطار میں شرکت کی اور اس خاص موقع پر ملک میں امن اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا: دعوت افطار میں امیدواروں اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت - Political Leaders at Iftar in Gaya
اُنہوں نے کہا کہ دعوت افطار سماجی اتحاد کو مضبوط کرتی ہے اور باہمی بھائی چارے کا پیغام بھی دیتی ہے، سب مل کر بیٹھتے ہیں اور مل کر سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا برسوں کا معمول ہے کہ وہ اپنے اسمبلی حلقہ میں سبھی تہواروں میں شرکت لازمی طور پر کرتے ہیں اور اپنے اسمبلی حلقہ کے لوگوں کے ساتھ تہوار کا جشن مناتے ہیں۔ رمضان ایک مبارک مہینہ ہے۔ ہم پوری عقیدت و احترام کے ساتھ دعوت افطار میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس دوران مقامی لوگوں سے ملاقات بھی کی اور آپسی بھائی چارہ، قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ مقدس میں ہم سب دعا کریں کہ ہماری ایکتا اسی طرح برقرار رہے۔ ضلع ملک ریاست میں ترقی خوشحالی خیر سگالی اور امن و امان کی فضا قائم رہے۔ واضح ہو کہ لکشمی پور کی دعوت افطار ہائی پروفائل ہوتی ہے۔ حالانکہ اس بار ضابطۂ اخلاق جاری رہنے اور پارلیمانی انتخابات کی مشغولیت کے سبب اور کئی بڑے رہنماؤں کی شرکت نہیں ہوئی لیکن اس دعوت افطار میں پھر بھی سیاسی رہنماؤں کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقہ کے روزہ داروں نے شرکت کی۔