گیا : ریاست بہار کا ضلع گیا شدید گرمی کی زد میں ہے۔ مسلسل ضلع میں سخت گرمی تپش اور لو چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صبح سے لے کر شام تک جمعہ کو لوگ پریشان رہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہار کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بار بار الرٹ بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 26 اپریل کو دن کے 12 بجے سے لے کر تین بجے تک ہو سکے تو اپنے گھروں سے نہ نکلیں، کیونکہ اس دوران 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سطحی گرم ہوا چلنے والی ہے، جو صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات اور ساتھ ہی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انتہائی ضروری کام ہو تبھی گھر سے نکلیں۔
محکمہ ڈیزاسٹر کی جانب سے بھی لو سے بچنے کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی تھی۔ ضلع کے ڈی ایم ڈاکٹرتیاگ راجن کی جانب سے جاری ہدایات کے تحت ضلع کے سبھی سرکاری ہسپتالوں میں لہر کی زد میں آنے والے لوگوں کے لیے بیڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جمعہ کو ضلع کا درجہ حرارت 42 ڈگری رہا جبکہ جمعرات کو بھی درجہ حرارت 41 سے 42 کے درمیان رہا ۔ اسی طرح بدھ کوبھی درجہ حرارت 40 ڈگری کے قریب تھا۔ وہیں گرمی کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ صبح 10 بجے سے کم ہونا شروع ہو گیا تھا جو کہ سب سے مصروف ترین شہر کا وقت ہوتا ہے۔ دوپہر تک مرکزی سڑکوں پر آمد و رفت کا سلسلہ انتہائی کم ہوگیاتھا۔ سڑکوں پر پیدل چلنے والے لوگ اس دوران پریشان حال نظر آئے
اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
ضلع میں شدید گرمی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے اسکولوں کے اوقات کو تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ڈی ایم کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں سرکاری اور غیر سرکاری اسکول دونوں شامل ہیں۔ ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے پری نرسری سے لے کر دسویں اور 11 ویں تا 12 ویں تک کی جماعت پر پابندی لگا دی ہے کہ وہ اسکول کے پرانے اوقات میں نہیں چلیں گے۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ساڑھے دس بجے سے لے کر چار بجے تک کوئی بھی اسکول اور کوچنگ سینٹر نہیں چلیں گے۔ اسی طریقے سے گیارہویں اور بارہویں کلاس کا بھی نظام ساڑھے 11 بجے سے لے کر چار بجے تک نہیں ہوگا۔ ڈی ایم نے اپنی ہدایت میں یہ بھی کہا ہے کہ ہدایت پر عمل درآمد نہیں کرنے والوں اور کوتاہی برتنے والے اداروں کے خلاف سخت کروائی کی جائے گی۔