نوئیڈا: ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں بلبھ گڑھ ہریانہ کے ایک تاجر کی جان اس وقت بچ گئی جب اسکارپیو ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ اس کا سہرا نوئیڈا پولیس کو مل گیا جس نے بلبھ گڑھ سے اغوا کیے گئے تاجر کو بازیاب کرالیا ہے۔ بدمعاشوں نے اسکارپیو میں تاجر کے ہاتھ پیر باندھ دیے تھے۔ بدمعاشوں کی کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی۔ جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی تو اغوا کار گاڑی اور تاجر کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اس معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے گوتم بدھ نگر پولیس نے بتایا کہ نالج پارک پولس تھانہ نے گشت کے دوران بلبھ گڑھ ہریانہ سے اغوا کیے گئے ایک نوجوان کو ایک مشکوک گاڑی سے برآمد کیا اور بعد میں اسے بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
فرید آباد کے بلبھ گڑھ سے تاجر راجیو متل کو اس کی اسکارپیو کے ساتھ اغوا کرنے والے بدمعاش جب گریٹر نوئیڈا کے پری چوک پہنچے تو حادثہ پیش آیا۔ صبح پری چوک پر گاڑی کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے دونوں ٹائر پھٹ گئے۔ حادثہ کے بعد بدمعاش فرار ہوگئے۔ جب لوگ موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ ایک شخص گاڑی کے اندر یرغمال بنا ہوا ہے۔ پوچھ گچھ پر تاجر نے واقعہ کی اطلاع دی۔ اس کے بعد نالج پارک پولیس کو اطلاع دی گئی۔کیلاش اسپتال میں علاج کے بعد تاجر کو اس کے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وہ بیٹی کو لینے دہلی ایئرپورٹ جا رہے تھے تبھی ان کا اغوا ہوا۔