راجکوٹ: گجرات کے راجکوٹ کے نانا ماوا روڈ پر واقع ٹی آر پی گیمنگ زون میں ہفتہ کے روز زبردست آگ لگنے کی وجہ سے 28 افراد ہلاک ہو گئے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 8 ٹیمیں موقع پر تعینات ہیں۔ آہستہ آہستہ آگ نے پورے گیم زون کمپلیکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ نے 10 سے 12 لوگوں کو بچا لیا ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ آگ لگتے ہی پورا علاقہ چیخ و پکار سے گونج اٹھا۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ دھویں کے بادل ایک کلومیٹر تک دکھائی دے رہے تھے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
راجکوٹ کے پولس کمشنر راجو بھارگوا نے بتایا کہ اب تک 25 کے قریب لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور انہیں مزید تفتیش کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ گیمنگ زون یوراج سنگھ سولنکی نامی شخص کی ملکیت ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ جو اموات ہوئی ہیں اس میں غفلت برتنے پر مقدمہ درج کریں گے، مزید تفتیش یہاں ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ تفریحی پارک کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ویک اینڈ کی وجہ سے یہ جگہ ہجوم سے بھری ہوئی تھی۔ آگ کی شدت اتنی بھیانک تھی کہ شاپنگ مال سے دھواں دور دور سے اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 4 لاکھ روپے اور ہر زخمی کے لیے 50،000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے تعزیت کا اظہار کیا اور فوری کارروائی کا یقین دلایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ "ریاستی حکومت مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں، ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور اسے واقعہ کی تحقیقات کے لیے تفویض کیا گیا ہے۔ "راجکوٹ کے گیم زون میں آتشزدگی کے واقعے میں میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کو فوری طور پر بچاؤ اور راحتی کارروائیوں کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ زخمیوں کے فوری علاج کے لیے انتظامات کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔"