گیا:ریاست بہار کے معروف شاعر ومصنف سید فردالحسن نے داعیٔ اجل کو لبیک کہہ دیا ہے۔ فردالحسن کا آبائی گھر ضلع کے شیرگھاٹی شہر کے قاضی محلہ میں واقع ہے۔ 57 برس کی عمر میں انہوں نے پٹنہ کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران آخری سانس لی۔ وہ دل کی بیماری سے متاثر تھے اور اسی کو لے کر انہیں اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ نکہت جہاں کے علاوہ 6 لڑکے و لڑکیاں ہیں۔ مرحوم کے رشتے دار عابد امام نے بتایا کہ فردالحسن کچھ برسوں سے پٹنہ میں ہی رہ رہے تھے۔ ایک بہترین شاعر اور اعلیٰ نثر نگار فردالحسن کا ضلع میں معروف ادبی شخصیات میں شمار ہوتا ہے۔ مشاعروں میں بھی رونق افروز ہوتے تھے اور ریاستی سطح پر ان کی مقبولیت تھی۔ سنہ 1985 میں انہوں نے پہلی بار ایک کتاب ' سرمایہ حیات' لکھی تھی اور اس کے بعد ایک ایک کرکے 13 کتابیں انہوں نے لکھیں۔ ان کی کتابوں اور مجموعوں کی ملکی سطح پر پذیرائی ہوئی۔ خاص کر' بیچارے لوگ اور شعری مجموعہ بے ترتیب' منظر عام پر آکر بے حد مقبول ہوا۔ بہار اردو اکادمی کی طرف سے ان کو اعزاز بھی بخشا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: